سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ والے واقعے کے بعد لگ رہا ہے کہ پاکستان میں بھی کچھ بڑا ہونے والا ہے، اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ شیخ حسینہ کی طرح نواز اور زرداری بھی ملک سے جا سکتے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ میرا مطالبہ ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور محسن نقوی کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے، میرا نام اس لئے ای سی ایل پر ڈالا جائے کہ میں جیل سے باہر بھی آ جاؤں تب بھی ملک سے باہر نہ جا سکوں، خیال رہے کہ پیر کو بنگلہ دیش میں ملک گیر احتجاج اور فوجی مداخلت کے نتیجے میں شیخ حسینہ مستعفی ہو کر بھارت چلی گئی تھیں، سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نو مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں اور اگر ان فوٹیجز میں پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن نظر آیا تو معافی مانگ سکتا ہوں، سابق وزیرِ اعظم کے بقول نو مئی کی فوٹیجز سامنے لائی جائیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن آیا تو معافی مانگوں گا، اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر نے کہا ہم نو مئی پر معافی نہیں دیں گے تو ہم بھی معاف نہیں کریں گے۔
اڈیالہ جیل میں بین الاقوامی میڈیا سے تعلق رکھنے والے کسی صحافی کو داخلے کی اجازت نہیں ہے اور صرف مقامی میڈیا کے چند افراد کو اجازت دی جاتی ہے، عمران خان نے نو مئی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ظلم ہمارے ساتھ ہوا، ہمارے 10 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا، ہمیں الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا ہمارے پارٹی پر پابندی لگائی گئی، ہم سانحہ 9 مئی کے متاثرہ ہیں ہم انصاف چاہتے ہیں، عمران خان نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، ہماری 25 مئی کی پٹیشن کو نہیں سنا گیا، مجھے رینجرز کی جانب سے اغوا کیا گیا، سپریم کورٹ نے کہا یہ غیر قانونی ہے لیکن مجھے اور میرے وکلا کو مارا گیا ہمیں گھسیٹ کر لے کر گئے۔