پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی میں موجود جرمن قونصل خانہ فوری سکیورٹی خدشات کے تحت غیر یورپی شہریوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جرمن قونصلیٹ جنرل کراچی کے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کردہ اعلامیے کے مطابق فوری سکیورٹی خدشات کے باعث وفاقی جمہوریہ جرمنی کا قونصل خانہ غیر یورپی شہریوں کے لئے تا اطلاع ثانی بند رہے گا، پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جو یورپی یونین کے رکن ممالک کے شہری نہیں ہیں اور اگر ان کا ویزہ ایشو کیا جا چکا ہے تو وہ افراد اپنا ویزہ قونصل خانے سے طلب کر سکتے ہیں، پوسٹ میں اس امر کی وضاحت نہیں کی گئی کہ فوری سکیورٹی خدشات کس نوعیت کے ہیں اور قونصل خانہ کتنی مدت تک بند رہے گا، البتہ اعلامیے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اس دوران قونصل خانہ یورپی شہریوں کو مسلسل خدمات فراہم کرتا رہے گا، واضح رہے جرمن قونصل خانے کی خدمات سے پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ افغان شہری بھی مستفید ہوتے ہیں، جرمنی کا قونصل خانہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ہے جبکہ سفارت خانہ دارالحکومت اسلام آباد میں قائم ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کچھ زیادہ بہتر نہیں ہے تاہم ایسا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے کہ کوئی بھی سفارتی مرکز بند کیا جائے اور نہ ہی کوئی انٹیلی جنس اطلاع ہے تاہم اس کے باوجود انتظامی حکام قونصل خانے سے رابطے میں ہیں اگر سکیورٹی کا کوئی حقیقی خطرہ ہوا تو قونصل خانہ کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔