مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اُن کے خیال میں پاکستان میں آج ہونے والے عام انتخابات مکمل طور پر شفاف ہیں، انھوں نے یہ بات لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نمائندہ بی بی سی سے خصوصی اور مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہی، نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ان کا پاکستان کی فوج سے کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا، اس موقع پر نواز شریف کے ساتھ موجود اُن کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ان کے والد کی پاکستان کے عوام کے ساتھ ڈیل ہے۔
کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے چند پولنگ اسٹیشن پر پولنگ عمل تاخیر کا شکار رہا، جبکہ شہر بھر میں پولینگ سست رپورٹ کی جارہی ہے پولنگ ایجنٹس کی ٹریننگ کے نقائص بھی دیکھنے میں آئے ہیں، جمعرات کو قومی اسمبلی کی 265 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 590 نشستوں پر الیکشن ہو رہے ہیں، دوسری طرف اسلام آباد میں دولت مشترکہ مشن کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کوئی تشویشناک واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور اللہ ہمیں اس الیکشن میں سرخرو کرے، انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں چھ لاکھ سیکورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔