امریکا کے تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی) نے امریکی انتخابات کے دوران روسی مداخلت کا الزام عائد کردیا، ایف بی آئی نے ایکس پر پوسٹ کی گئی دھاندلی کی مزید 2 ویڈیوز کو جعلی قرار دے دیا، امریکی انٹیلی جنس اداروں کے مشترکہ بیان میں ایران کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایرانی اثر و رسوخ کے حامل کردار بھی جعلی میڈیا مواد تخلیق کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، جس کا مقصد ووٹنگ کو کم کرنا یا تشدد کو بھڑکانا ہوسکتا ہے، جیسا کہ انہوں نے ماضی کے انتخابات میں کیاتھا۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ روسی پروپیگنڈا گروپ کی جانب سے 2 جعلی ویڈیوز شیئر کی گئیں، امریکی انتخابات سے متعلق روس جھوٹے پروپیگنڈے میں ملوث پایا گیا، انتخابات میں دھاندلی کی مزید جھوٹی خبریں پھیلائی جاسکتی ہیں، روس دھاندلی کی مزید جعلی ویڈیوز وائرل کرسکتا ہے، پیر کو رات گئے ایف بی آئی کی سرکاری ویب سائٹ پر دفتر برائے قومی انٹیلی جنس، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور سائبر سکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو ہمارے بیان کے بعد سے امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی( آئی سی)نےغیر ملکی حریفوں بالخصوص روس پر نظر رکھی ہوئی ہے، جو امریکی انتخابات کی سالمیت پر عوام کے اعتماد کو کمزور کرنے اور امریکیوں کے درمیان تقسیم کو ہوا دینے کے لئے اضافی اثر و رسوخ کی کارروائیاں کر رہے ہیں، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی سی کو توقع ہے کہ انتخابات کے دن اور آنے والے ہفتوں میں یہ سرگرمیاں تیز ہو جائیں گی اور غیر ملکی اثر و رسوخ کے بیانیےمعلق ریاستوں ( سوئنگ اسٹیٹس) پر توجہ مرکوز کریں گے۔
امریکی انٹیلی جنس حکام نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آئی سی کو دستیاب معلومات کے مطابق امریکی انتخابات کے حوالے سے روس سب سے زیادہ فعال خطرہ ہے، خاص طور پر روس سے تعلق رکھنے والے اثر و رسوخ کے حامل کردار انتخابات کی قانونی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے ویڈیوز اور جعلی مضامین تیار کر رہے ہیں، انتخابی عمل کے حوالے سے ووٹرز میں خوف پیدا کر رہے ہیں اور یہ بتارہے ہیں کہ امریکی سیاسی ترجیحات کی وجہ سے ایک دوسرے کے خلاف تشدد کا استعمال کر رہے ہیں، مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی سی کو ان کوششوں سے تشدد بھڑکنے کا خطرہ ہے، جس سے انتخابی عملہ بھی متاثر ہوسکتا ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ روسی کردار اس طرز کا اضافی تیار کردہ مواد کو الیکشن کے دن اور پولنگ بند ہونے کے دنوں اور ہفتوں میں جاری کریں گے، بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی کا خیال ہے کہ روسی اثر و رسوخ کے حامل کرداروں نے حال ہی میں ایک مضمون پوسٹ کیا اور اسے پھیلایا ہے جس میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی حکام نے متعلق ریاستوں میں بیلٹ بھرنے اور سائبر حملوں سمیت مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے انتخابی دھوکا دہی کا منصوبہ تخلیق کیا ہے