پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ ان کی جماعت کے منتخب نمائندوں کو سابق وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کرنے نہیں دے رہے، جمعرات کو اسد قیصر کے ہمراہ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ پارٹی رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دے رہے اور اس کے خلاف وہ تحریکِ استحقاق قومی اسمبلی میں جمع کروائیں گے، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وہ یہ معاملہ قومی اسمبلی میں نہ صرف اُٹھائیں گے بلکہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو اسمبلی کے فلور پر بھی بلائیں گے، اسد قیصر نے مزید کہا کہ وہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے جارہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم پوری شدت کیساتھ تحریک چلائیں گے، جو فارم 47 کے ذریعے اراکین بنے ہیں انھیں ہم اسمبلی سے نکالیں گے، پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ان کا مقصد ان تمام جماعتوں کو اکھٹا کرنا ہے جنھیں انتخابات کے حوالے سے تحفظات ہیں۔
خیال رہے بدھ کی رات کو راولپنڈی پولیس نے ایک بیان میں اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعویٰ کیا تھا، راولپنڈی کے سی پی او سید خالد ہمدانی سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ راولپنڈی پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کارروائی میں تین دہشت گرد بھاری اسلحہ اور بارود سمیت گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور انھیں تفتیش کے لئے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے افراد کے پاس سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، ہینڈ گرینیڈ، خود کار ہتھیار اور آئی ای ڈی برآمد ہوا ہے۔