ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم کے سربراہ محمد اسلمی کا کہنا ہے کہ مغرب کی جانب سے برسوں کی پابندیوں کے باوجود ایران جوہری صنعت میں سرفہرست پانچ ممالک میں شامل ہے، منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلمی نے ایران کے جوہری توانائی کے پروگرام بشمول اعلیٰ معیار کے بھاری پانی کی پیداوار میں کامیابیوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ایران جوہری صنعت کے شعبوں میں دنیا کے پانچ اعلیٰ ترین ممالک میں شامل ہے، آج ہم بھاری پانی کے معیار اور پاکیزگی کے لحاظ سے فہرست میں شامل ہیں جو غیر ملکی مدد کے بغیر ملک کے سائنسدانوں کی تحقیق کی مرہون منت ہے، اسلمی نے بتایا کہ ایران عالمی منڈی میں بھاری پانی کی سپلائی اور ایکسپورٹ میں حصہ لینے میں کامیاب رہا ہے، اسلمی نے واضح کیا کہ بھاری پانی کو مائیکرو الیکٹرانکس اور کچھ نئی ادویات بنانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے، انہوں نے ایٹمی اور خلائی شعبوں میں ایران کی سائنسی پیشرفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں عبور کرنے کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی سائنسدانوں کی کاوشوں کو ملک کیلئے بڑی خدمت قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برسوں میں ایران نے امریکی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے سائنسی اور جوہری توانائی کے میدان میں بہت سی کامیابیاں ریکارڈ کرائی ہیں، جس میں سرفہرست طبی شعبے میں کینسر کا علاج میں معاون ادویات بنانا بھی شامل ہے، یہ ملک جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کنندہ کے طور پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ بھی قریبی تعاون کر رہا ہے، واضح رہے کہ امریکہ اور چند یورپی ملکوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام میں پیشرفت کے بعد ایران پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کردیں ہیں، جسکی وجہ سے سائنسی میدان میں ایران کی پیشرفت کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔