ایران نے انسانی امداد کی تیسری کھیپ غزہ کی پٹی کے لیے بھیجی ہے، ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل کی تباہ کن جنگ کے دوران محصور علاقے میں بڑے پیمانے پر انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے، پیر حسین کولیوند نے اتوار کے روز کہا کہ غزہ میں شہریوں کے لیے انسانی امداد سے بھرا جہاز حال ہی میں ایران کی بندرگاہ سے نکل کر آبنائے ہرمز سے گزرا ہے۔
کولیوند نے کہا امدادی کھیپ میں خوراک، طبی سازوسامان اور ادویات، خیمے، کمبل اور دیگر اشد ضروری اشیاء شامل ہیں جو فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور غزہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو فراہم کی گئی فہرست کی بنیاد پر ہے، کولیوند نے کہا کہ ایران نے اب تک غزہ کے لوگوں کیلئے 10,000 ٹن سے زیادہ انسانی امداد فراہم کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی وزارت خارجہ غزہ کے لیے مزید امداد کی ترسیل کو آسان بنانے کے لئے کام کر رہی ہے، 7 اکتوبر کو پٹی میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے، کولیوند نے کہا کہ ایران نے دو بحری جہاز اور ایک طیارہ غزہ کے لئے امدادی سامان بھیجا ہے۔