صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستانی طالبان کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کے دوران سکیورٹی فورسز سے تصادم کے دوران پاکستانی طالبان کے 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے، پاک فوج کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خارجی دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنادیا، ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خارجی دہشت گردوں نے 18 سے 19 اگست کی رات کو پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کو باجوڑ میں ناکام بنایا، ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں طالبان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خوارجیوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 بہادر جوان شہید ہوگئے، ترجمان کے مطابق افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔
دریں اثناء پاکستان کے صدر زرداری نے باجوڑ میں پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کا فخر ہے، پوری قوم احسان مند رہے گی۔