برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان میں انتخابات کی شفافیت پر سنگین خدشات کا اظہار کردیا، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم انتخابات کی شفافیت میں کمی سے متعلق پیدا ہونے والے سنگین خدشات کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی کے لئے عوامی حکومت کا منتخب ہونا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ تمام جماعتوں کو با ضابطہ طور پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی، کچھ سیاسی رہنماؤں کو شرکت سے روکنے اور ان سے منسوب انتخابی نشان پر پابندی کے لئے قانونی طریقہ کار کا غلط استعمال کیا گیا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہمیں پولنگ کے دن انٹرنیٹ کی بندش، نتائج جاری کرنے میں نمایاں تاخیر اور ووٹوں کی گنتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کے دعوؤں پر بھی تشویش ہے، ڈیوڈ کیمرون نے کہا برطانیہ پاکستانی حکام پر بنیادی انسانی حقوق بشمول معلومات تک آزادانہ رسائی اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے زور دیتا ہے، اس میں منصفانہ قانونی کاروائی کا حق، مناسب عمل کی پابندی اور مداخلت سے پاک آزاد اور شفاف عدالتی نظام شامل ہیں، برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں اور برادریوں کے لئے مساوی مفادات اور انصاف کے ساتھ نمائندگی کرنی چاہیئے، ہم اس کے حصول اور اپنے مشترکہ مفادات کے دائرے میں پاکستان کی آنے والی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔