بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان ساحلی شہر گوادر میں ہوا جہاں 1200 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں میں پانچ اضلاع میں 12سو 70 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، پی ڈی ایم اے نے رپورٹ میں کہا ہے کہ سب سے زیادہ گھروں کو نقصان گوادر شہر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پہنچا جن کی مجموعی تعداد 12 سو 33 سے زیادہ ہے، تاہم ان میں سے 235 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گوادر میں بارشوں کے دوران 80 کشتیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، گوادر سے متصل ضلع کیچ میں مجموعی طور 25 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں سے پانچ مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، وفاقی اور بلوچستان حکومت کی جانب سے گھروں اور کشتیوں کے نقصانات کے ازالے کے لئے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اُدھر پاکستان کے محکمہ موسمیات نے 9 مارچ سے بلوچستان میں ایران سے بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہونے کی پیش گوئی کردی، محکمہ موسمیات کے مطابق 9 مارچ سے ایران سے بلوچستان میں داخل ہونے والے بارشوں کے نئے سسٹم کی وجہ سے جنوب مغربی بلوچستان اور کیچ میں بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے نئے سسٹم کے اثرات 11 سے 12مارچ تک رہیں گے تاہم بارش کا نیا سسٹم زیادہ شدت کا نہیں ہوگا۔