پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین (پی ایف ایل پی) کے کم از کم تین سینئر کمانڈر آدھی رات کے بعد بیروت میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے ہیں، گزشتہ سال غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب اسرائیلی فضائی نے لبنان کے دارالحکومت کے قلب میں بمباری کی ہے، ٹیلی ویژن فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کولا محلے میں ایک عمارت کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا اور چھٹی منزل پر موجود اپارٹمنٹ کا جزوی حصّہ تباہ ہوگیا جہان فلسطینی رہنما رہائش پذیر تھے، بیروت کا یہ علاقہ ہوائی اڈے سے جوڑنے والی سڑک کے قریب واقع ہے، فلسطینی مزاحمتی گروپ نے شہید ہونے والوں کی شناخت کرلی ہے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں تنظیم کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور ملٹری سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ محمد عابد العل، ملٹری کمان کے رکن عماد عودہ اور عبدالرحمٰن عابد شامل ہیں، پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کی بنیاد جارج حبش نے 1967میں مارکسسٹ اور عرب قوم پرست گروہوں پر مشتمل تنظیم کی بنیاد رکھی تھی پی ایل ایف ایل مسلسل فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) میں الفتح کے بعد دوسرا سب سے بڑا گروپ رہا ہے، واضح رہے کہ پی ایل او میں شامل فلسطینی تنظیمیں اسرائیل کیساتھ تعاون کرتی ہیں، دوریاستی حل کو تسلیم کرتی ہیں۔
پی ایل ایف ایل کا عسکری ونگ جسے ابو علی مصطفیٰ بریگیڈز کے نام سے جانا جاتا ہے، غزہ میں سرگرم ہے جہاں اس نے حماس کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 105 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی لبنان بھر میں مسلسل بمباری جاری ہے، وزارت صحت نے مزید کہا کہ اسی عرصے کے دوران جنوبی اضلاع مرجعون اور نباتیح میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم سات افراد شہید اور تقریباً 40 زخمی ہوئے، ادھر لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے لبنانی قصبوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں اسرائیل کے زیر قبضہ شمالی علاقوں میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں اور غیر قانونی یہودی آبادکاروں کی بستیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، حزب اللہ نے پیر کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں ان حملوں کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ غزہ میں فلسطینی مزاحمت کی حمایت اور لبنان کے دفاع کیلئے فوجی سرگرمیوں کو بڑھا رہی ہیں۔