پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں پنجاب اور بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کئے جانے کے خلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے، اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھی بدترین دھاندلی کرکے حکمراں جماعتوں نے اپنے امیدواروں کو جتوایا ہے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ لیگی امیدوار کو ووٹ ملنا ہی دھاندلی ہے، لاہور اور گجرات میں جعلی طور پر امیدواروں کو ہروایا گیا، انہوں نے کہا کہ نقل کیلئے بھی عقل چاہیئے مگر بدقسمتی سے یہاں عقل کا فقدان ہے، عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ ڈی پی او گجرات بھی دھاندلی میں ملوث ہے، عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں دھاندلی کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کریں گے، تحریک کا آغاز فیصل آباد سے ہوگا اور پانچ مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا، بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں جیتنے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت سے مبینہ دھاندلی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے اتوار 22 اپریل2024ء کے ضمنی الیکشن میں 8 فروری کے انتخابات کی طرح مشکوک اور دھاندلی زدہ قرار دیئے جارہے ہیں جبکہ پنجاب کی انتظامیہ پر الزام لگایا جارہا ہے کہ اُس نے مسلم لیگ(ن) کے اُمیدواروں کو دھاندلی کیلئے مواقع فراہم کئے جبکہ اس پورے عمل میں الیکشن کمیشن کا کردار منفی اور جابندارنہ تھا، دھاندلی کی ایک اہم وجہ یہ رہی ہے کہ پی ٹی آئی کے اُمیدوار مایوس ووٹرز کو نکالنے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور الیکشن کمیشن کے عملے کی ملی بھگت سے اُمیدوار دھاندلی کرنے میں کامیاب ہوئے۔