اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہونے پر انتظامیہ کے کارروائی کے حکم کے بعد پولیس اور جلسے کے شرکا کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے, اسلام آباد پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی کرکے جلسے میں آنے والوں کو 26 نمبر چونگی پر روکنا چاہا جس کے بعد پولیس کے مطابق عوام نے پولیس پر پتھراو شروع کردیا ہے، اسلام آباد پولیس کے بیان کے مطابق پتھراو سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار ایسے زخمی ہوئے کہ انہیں طبی امداد لینا نہیں پڑی اور پولیس کا دعویٰ ہے کہ عوام کی جانب سے پولیس پر پتھراو کا سلسلہ جاری ہے، دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے جلسے کے شرکا اور بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجود عوام کو روکنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی ہے، یاد رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے مقررہ وقت پر جلسہ ختم نہ کرنے پر پولیس نے جلسہ گاہ سے عوام کو منتشر کرنا شروع کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ این او سی کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کا جلسہ وقت پر ختم نہ کرنے پر جلسے کے منتظمین کے خلاف پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، اسلام آباد نے جلسے کے لئے شام سات بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا اور اس کے لئے انتظامیہ کے مطابق یاد دہانی بھی کروائی گئی تھی۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کے لئے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جو چھ ستمبر کو این او سی جاری کیا تھا اس کے مطابق منتظمین کو پر امن طریقے سے ان تمام شرائط پر عمل درآمد کرنا تھا، نوٹیفیکیشن کے مطابق اس این او سی کی شرائط پر عمل درآمد کے لئے جلسے کے دوران شام چھ بجے تحریک انصاف کو وقت کی پابندی سمیت تمام شرائط کی یاد دہانی کروائی گئی، نوٹیفیکیشن کے مطابق منتظمین کو شام سات بجے جلسہ ختم کرنے کا بارہا کہا گیا تاہم ان کی جانب سے اس این او سی پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، انتظامیہ کے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ این او سی کی خلاف ورزی کر کے قانون شکنی کی گئی ہے اور اس صورتحال کے باعث جلسہ کے مقام پر امن و امان کا خطرہ موجود ہے، نوٹیفیکیشن کے مطابق اس جلسے کو فوری منتشر کرنے کے لئے احکامات جاری کیے جاتے ہیں اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اسلام آباد پولیس ایکشن لے گی، پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ اس وقت جاری ہے، تاہم اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ان کے پاس طے شدہ وقت شام سات بجے تک کا ہے۔