گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور جماعت اسلامی نے اندرون سندھ و کراچی میں دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے نائب صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور جنرل سیکریٹری سردار عبد الرحیم کی زیر قیادت وفد نے منگل کی شب ادارہ نورحق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی جس میں عام انتخابات میں بد ترین دھاندلی اور مینڈیٹ چوری کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جی ڈی اے کی جانب سے جماعت اسلامی کو حیدرآباد ٹول پلازہ پر 16 فروری کو احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی گئی جسے حافظ نعیم الرحمن نے قبول کیا اور دھرنے میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
اس احتجاج کی بدین کا مرزا گروپ اور تحریک انصاف نے پہلے ہی حمایت کردی ہے، گزشتہ روز جی ڈی اۓ کے سربراہ پیرپگاڑا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے انہیں فوجی قیادت کا پیغام پہنچایا تھا کہ وہ جی ڈی اے ختم کرکے اپنی سیاست مسلم لیگ فنکشنل کے نام سے دوبارہ شروع کرکے آصف زرداری سے اتحاد کریں ورنہ جی ڈی اے پر سرخ نشان لگادیا جائے گا اور اس کا آپ کو شدید نقصان پہنچے گا، پیر پگاڑا نے سندھ اسمبلی کی حاصل کردہ دو نشتوں پر حلف لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس لئے حلف نہیں لیں گے کہ کہیں فوج کی قیادت ناراض نہ ہوجائے کیونکہ ہم فوجی قیادت کی ناراضگی مول نہیں لے سکتے۔