امریکی محکمہ خارجہ نے ایوان نمائندگان کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت کی حمایت میں منظور کی گئی حالیہ قرار داد پر تبصرے کرتے ہوئے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرے، بدھ کو محکمہ خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان میتھو ملر سے سوال کیا گیا کہ امریکی قانون سازوں نے پاکستان میں جمہوریت کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی ہے، جس میں بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ وہ جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے، اس پر آپ کوئی تبصرہ کریں گے؟ جس کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ میں اس قرارداد پر خاص طور پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن عمومی طور پر کہنا چاہوں گا کہ ہمارے اعلیٰ ترین عہدیداروں سیکرٹری خارجہ اینٹنی بلنکن اور سفیر ڈونلڈ بلوم نے مسلسل نجی اور عوامی طور پر پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے حقوق کا احترام کرے اور اپنی آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں ادا کرے، ترجمان محکمہ خارجہ نے مزید کہا ہم حکومت پاکستان پر مسلسل زور دیتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرے جس میں اظہار رائے کی آزادی، پرامن اجتماعات اور مذہب کے ساتھ ساتھ کمزور طبقات جیسے خواتین اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا احترام شامل ہے۔
امریکہ کے ایوان نمائندگان نے پاکستان میں جمہوریت کی حمایت میں 25 جون کو ایک قرار داد منظور کی تھی، جس میں سیاسی عمل کو تباہ کرنے کی کوششوں کی مذمت کی گئی تھی، رپبلکن رکن رچرڈ میکارمک اور کانگریس کے رکن ڈین کلڈی نے یہ قرار داد پیش کی جس کے اہم نکات میں آٹھ فروری 2024 کے عام انتحابات میں بے ضابطگی یا مداخلت کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرنے کیساتھ ساتھ جمہوریت کی حمایت، انسانی حقوق، آزادی اظہار کا تحفظ اور جمہوری عمل میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بائیڈن انتظامیہ سے اِن معاملات پر تحفظات دور کرنے کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے کہا گیا ہے، امریکی ایوان نمائندگان کے 368 ارکان نے پاکستان میں آٹھ فروری کے عام انتخابات میں مداخلت یا بے ضابطگی کی آزادانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ سات ارکان نے اس کی مخالفت کی ہے، قرارداد 901 میں کہا گیا کہ امریکی ایوان نمائندگان پاکستان کے سیاسی، انتخابی یا عدالتی عمل کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کرتا ہے، قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان نمائندگان پاکستان میں جمہوریت کے لئے اپنی مضبوط حمایت کے عزم کو دہراتا ہے، جس میں پاکستان کے عوام کی مرضی کی عکاسی کرنے والے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات شامل ہیں، امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر پاکستان نے گذشتہ روز اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ یہ وقت اور سیاق و سباق دوطرفہ تعلقات کے مثبت پہلوؤں کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے۔