وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح اعلان کیا ہے کہ کسی بھی طور ہماری نشستوں پر اسمبلی رکن بننے والی اپوزیشن جماعتوں کی خواتین اور اقلیتی ارکان کو حلف اٹھانے نہیں دیاجائے گا اور اس سلسلے میں آخری حد تک مزاحمت کی جائے گی، منگل کی شب وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایک بار آئین توڑا اور سینٹ الیکشن ملتوی کیا، جمہوری کہلوانے والی پارٹیوں نے ہماری نشستوں پر شب خون مارا ہےلیکن مخصوص نشستوں پرحلف لینے نہیں دینگے، جو ہورہا ہے وہ ہمارے ملک و قوم کے لئے بہتر نہیں، جب صدر اور وزیراعلی منتخب ہوسکتے ہیں تو سنیٹرز کیوں نہیں؟ کیوں ان کیلئے الیکشن کو ملتوی کردیاگیا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم کسی بھی طور نئے ان ارکان کو حلف نہیں لینے دینگے کہ جو ہماری نشستوں پر آئے ہیں کیونکہ یہ نشستیں ان کی نہیں بنتیں۔
علی امین نے کہا کہ وفاق ہمارے1510ارب روپے کے بقایاجات بھی دے اور اب بجلی کے نرخ بھی ہم بڑھائیں گے کیونکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم سے سستی بجلی خرید کر ہمیں ہی مہنگے داموں بیچی جائے، انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمانی پارٹی میں قراردادیں منظور کی ہے جن کی منظوری صوبائی اسمبلی سے بھی لی جائے گی سازش کے تحت عمران خان کو گرفتار کیا گیا اور سزائیں دی جارہی ہیں، 9 مئی اور عمران حکومت خاتمے کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں کیونکہ عمران خان کے بقول یہ سب کچھ لندن پلان کا حصہ ہے جو کچھ ہورہا ہے، ہمارے رہنماﺅں اور ورکروں پر ناجائز پرچے کاٹے جارہے ہیں، یہ دیکھنا چاہیئے کہ اس 9 مئی کا فائدہ کس نے لیا، قوم بےوقوف نہیں ہم سب سامنے لائیں گے، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جو پرچے درج ہیں اں کے اصل حقائق سامنے لائیں، یہ قابل شرم ہے، جو تنصیبات جلائی گئیں ان کے گیٹ کس نے کھولے بتائیں وہ ویڈیوز سامنے لائی جائیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ کون اندر گیا اور کس نے آگ لگائی۔