حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کی بندش پر احتجاج کرتے ہوئے سوشل میڈیا کی فوری طور پر بحالی کا مطالبہ کیا ہے، یاد رہے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پاکستان میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے بلاک ہے, ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سول سوسائٹی کی 28 تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں جس میں پاکستانی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایکس تک رسائی بحال کریں، مشترکہ اعلامیہ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں نے پاکستان میں عام انتخابات سے پہلے اور بعد میں انٹرنیٹ کی بندش اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، بیان میں کہا گیا کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی جیسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں بلکہ ملک کے اندر مختلف آوازوں سمیت حقیقی سیاسی بات چیت کو دبانے کی ایک مثالی کوشش کی۔
عالمی تنظیم نے اپنے بیان میں نشاندہی کی کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف مختلف سیاسی جماعتوں کی رائے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ غلط معلومات بھی پھیلنے کا خدشہ ہے، بیان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایکس کی بندش سے متعلق کوئی وجہ نہیں بتائی اور پورے انٹرنیٹ پلیٹ فارم کو بلاک کر کے اپنے اختیار سے تجاوز کیا، بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے فیصلوں کے حوالے سے شفاف طریقے سے کام کرے جو انٹرنیٹ کے آزادانہ استعمال کو متاثر کرتے ہیں، حکومت پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے وضاحتی بیان بھی جاری کرے، جس میں ایکس اور دیگر پلیٹ فارمز کو بلاک کرنے کی وجوہات اور قانونی بنیادوں کی تفصیل دی جائے۔