فرانس کے شہر پیرس میں آتشزنی کی وجہ سے ریل کا نظام معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ فرانسیسی ٹرین آپریٹر کمپنی ایس این سی ایف کا کہنا ہے کہ ان کی ہائی اسپیڈ والے نیٹ ورک کو مذموم حملوں میں ہدف بنایا گیا ہے جس کا مقصد پورے ریل کے نظام کو ٹھپ کرنا ہے، ریلوے لائن پر آتشزنی کا یہ واقعہ پیرس میں اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب سے پہلے پیش آیا ہے، اطلاعات کے مطابق فرانس کی متعدد تیز رفتار ٹی جی وی ریل گاڑیوں کو پیرس میں نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد شہر کے گیر مونتپرنیس اسٹیشن پر لوگوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ کمپنی کے مطابق آج اس تعطل سے ڈھائی لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں جبکہ پورے ہفتے میں آٹھ لاکھ مسافر متاثر ہوں گے، ان حملوں میں متعدد ٹرینیں معطل ہو گئی ہیں جبکہ ٹرین آپریٹر کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ ٹرینوں کی مرمت کی وجہ سے یہ تعطل کم از کم ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے، فرانس کے نگران وزیراعظم گیبریل اتال نے کہا ہے کہ ایس این سی ایف کے ریل کے نظام کو درہم برہم کرنے کے لیے یہ حملے بہت منظم منصوبہ بندی سے کیے گئے ہیں۔
سرکاری ریل کمپنی ایس این سی ایف کے صدر کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ نیٹ ورک کے نظام کو فعال بنانے کے لئے مرمت کا کام ابھی جاری ہے، فرانس کے میڈیا کے مطابق کمپنی کے صدر جین پیری فرنانڈو نے بتایا کہ حملہ آوروں نے فائبر آپٹک کیبلز کے کنڈکٹس میں آگ لگائی جس سے یہ نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا، ان کیبلز سے ڈرائیورز کو سیفٹی انفارمیشن دی جاتی ہیں، ان کے مطابق جن کیبلز کو آگ لگی ہے ان کو ایک ایک کر کے ٹھیک کیا جارہا ہے اور اس مرمت کیلئے سینکڑوں کارکنان کی مدد درکار ہے کیونکہ یہ مشینیوں کی مدد سے نہیں بلکہ اس کی مرمت انسانی مدد سے کی جا رہی ہے، ریل نیٹ ورک والی کمپنی ایس این سی ایف نے اس اقدام کو فرانس پر حملہ قرار دے رہی ہے۔