پاکستان کے حکمراں اتحاد میں اختلافات کی خبریں گرم ہیں، اس دوران پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے متعلق کہا جارہا ہے کہ دونوں جماعتیں مسلم لیگ(ن) کے رویہ سے خوش نہیں ہیں اور اختلافات کے حل کیلئے کبھی نوازشریف سامنے آتے ہیں تو کبھی وزیراعظم شہباز شریف مذاکرات کرتے ہیں لیکن نتیجہ کچھ نہیں نکلتا، اب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے مسلم لیگ (ن) کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح جان چھڑانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا ایک سال گزرنے کے باوجود ایم کیوایم پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوئے، اب بہت حد ہوچکی ہے، ایم کیوایم شاہراہ فیصل یا ایم اے جناح روڈ پر عوامی اسمبلی لگائے گی، سندھ ہائی کورٹ میں این اے 244 پر ایم کیو ایم کے کامیاب قرار دیئے گئے ڈاکٹر فاروق ستار اپنی کامیابی کے خلاف دائر درخواست میں جواب جمع کرانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ پہنچے، اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کو پہلے بھی مسترد کیا ہے ابھی بھی مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ (ن) کو اس بار گُدی سے پکڑا ہوا ہے، (ن) لیگ نے ماضی کی طرح جان چھڑانے کی کوشش کی تو عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے اور مسائل حل نہ ہوئے تو شاہراہ فیصل یا ایم اے جناح روڈ پر عوامی اسمبلی لگائیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے معلوم نہیں پارٹی کے کنوینر خالد مقبول سے رابطہ کیا ہے یا نہیں، الیکشن کمیشن نے ایم کیوایم کے اُمیدواروں کو کامیاب قرار دیدیا تھا لیکن اِن کی کامیابی کو عدالتوں میں چیلنج کردیا گیا ہے اور میرٹ پر فیصلے ہونے کی صورت میں ایم کیوایم پاکستان کو 90 فیصد نشستوں سے ہاتھ ڈھونا پڑ جائے گا۔