پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول لیڈر اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، ملک بچانا ہے تو نئے اور شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا، شہباز شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے صرف فیتے کاٹنے کیلئے رکھا ہوا ہے، اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاؤہ کوئی راستہ نہیں ہے، موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ہے، کسی کو اس حکومت پر بھروسہ نہیں رہا، ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جارہی ہے اگر اسٹیبلشمنٹ کو پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے، چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف کے لئے الیکشن کمیشن بھیج رہے ہیں تاہم سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کرائے، قاضی فائز عیسیٰ ہمیں کہہ رہے ہیں انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کرائے؟ تو کیا چیف جسٹس کو نہیں معلوم ہماری ساری پارٹی انڈر گراؤنڈ تھی، عمران خان نے مزید بتایا کہ امریکی کانگریس کہہ رہی ہے پاکستان میں فراڈ الیکشن ہوئے ہیں۔
پاکستان میں میڈیا اور سوشل میڈیا کو دبانے کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ شفاف انتخابات کے لئے اسٹیبلشمنٹ سے مخاطب ہیں اس کا مطلب آپ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں؟ سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کے لئے رکھا گیا ہے، شفاف الیکشن کے لئے اسٹیبلشمنٹ کو پیچھے ہٹنا پڑے گا، انہوں نے مزید کہا کہ مشکل فیصلے وہ کرتا ہے جس کے پیچھے عوام کھڑی ہو، 2021ء میں ملک کا قرضہ 28 کھرب تھا، 4 سال میں ملک کے قرضے 80 سے 90 کھرب تک پہنچ چکا ہے، جس غریب کا 2 ہزار کا بل آتا تھا اب اس کا 10 ہزار بل آتا ہے، ساری اشرافیہ کے پیسے باہر پڑے ہیں، واضح رہے کہ پاکستان میں عوام کیلئے بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے تاکہ فوجی اور دیگر سرکاری اخراجات پورے کئے جاسکیں۔