پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں الیکشن کے روز انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز کی بندش کے خلاف الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ملک بھر میں موبائل فون سروسز کو فوری طور پر بحال کیا جائے، بلاول کے مطابق انہوں نے اپنی پارٹی سے کہہ دیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع کریں، پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے الیکشن کمیشن لاہور میں پٹیشن جمع کرا دی ہے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کا دن ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروز بند کرنا جمہوریت اور انتخابی عمل کی نفی ہے، شیری رحمان نے کہا کہ پارٹی اور امیدوار کو پولنگ ایجنٹس سے رابطہ رکھنا ہوتا ہے اور موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش سے رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے، دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز بند کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دی ہے۔
واضح رہے پاکستان میں جمعرات کی صبح آٹھ بجے عام انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہونے سے قبل ہی موبائل فون سروس بند کر دی گئی، مختلف سیاسی جماعتیں اس اقدام کو دھاندلی کا آغاز قرار دے رہی ہیں، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما تیمور خان جھگڑا نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ پولنگ شروع ہوتے ہی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کرنا ایک شرمناک عمل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے والے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی ایک بیان میں کہا کہ موبائل نیٹ ورک کی بندش انتخابات کے دن دھاندلی کے آغاز کی نشان دہی کرتی ہے۔