آرٹیفیشیل انٹیلی جنس سے بنی ویڈیوز کی مدد سے پی ٹی آئی ووٹرز کو گمراہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے اور سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیوز میں پی ٹی آئی کے مختلف سیاسی قائدین کی طرف سے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جا رہا ہے اور اس کے جواب میں پی ٹی آئی کے قائدین انہیں فیک کہہ کر بائیکاٹ سے لاتعلقی کے اعلانات کر رہے ہیں، انتخابات سے صرف ایک روز قبل بدھ کی شام پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بنی ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے حکومتی اداروں اور الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کرتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کے امیدوار اس انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اسے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلا جا رہا ہے جن میں بیشتر کا تعلق مسلم لیگ(ن) اور فضل الرحمٰن گروپ سے ہے، ان سوشل میڈیا پوسٹس کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک پیغام میں ان خبروں کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ دنیا کو بتائیں کہ ناجائز اور فاشسٹ حکومت کس حد تک گر گئی ہے، پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لئے بڑے پیمانے پر ٹرن آؤٹ سے گھبرا کر کنٹرولڈ میڈیا کے ذریعے انتخابات کے بائیکاٹ کے بارے میں جعلی خبریں اور جعلی آڈیو چلائی جارہی ہے۔
یہ معاملہ یہاں ہی ختم نہیں ہورہا بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 55 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایہ یافتہ پنجاب کے سابق وزیر قانون راجہ بشارت کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ عمران خان کے کہنے کے مطابق انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں یہ ویڈیوز پاکستان مسلم لیگ(ن) کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی چلائی گئی جسے مسلم لیگ(ن) اپنا اکاؤنٹ نہیں تسلیم کرتی لیکن کچھ ہی دیر میں راجہ بشارت نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس ویڈیو کی مکمل تردید کی اور کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے بنائی گئی ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی ہے جس کی وہ تردید کرتے ہیں اور وہ بدستور انتخاب میں موجود ہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے ہمارے عزم کو شکست نہیں دے سکتے، سوشل میڈیا پر سیالکوٹ سے سابق وزیردفاع خواجہ آصف کے مقابلہ میں الیکشن لڑنے والی ریحانہ ڈار کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر رہی ہیں۔ لیکن اے آئی ٹیکنالوجی سے بنی یہ ویڈیو بھی فیک ہے، اس کے ساتھ ہی لاہور سے نوازشریف کے مقابلہ میں الیکشن لڑنے والی ڈاکٹر یاسمین راشد کی فیک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کا کہہ رہی ہیں، یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اس وقت نو مئی کے کیسز کی وجہ سے لاہور کی جیل میں قید ہیں، اس تمام صورتحال کا جائزہ لینے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے آرٹیفشل انٹیلی جنس کو انتخابات میں دھاندلی کیلئے استعمال کیا ہے۔