پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن) یا ایم کیو ایم کے ساتھ کسی قسم کی پاور شیئرنگ نہیں کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کی سیاست پاور شیئرنگ کے لئے نہیں ہے، پی ٹی آئی اپنے مینڈیٹ پر ڈالہ ڈالنے نہیں دے گی بلکہ ہم مضبوط اپوزیشن کیلئے تیار ہیں جو اسمبلی کے اندر اور باہر دونوں جگہ ہوگی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تفصیل سے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی تفصیل سے بات ہوئی کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کیسے کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان سے الیکشن کے حوالے سے بات ہوئی اور انہیں بریفنگ دی گئی ہے، پہلی بات یہ ہے کہ ریکارڈ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 180 نشستیں جیت چکی ہے، اس کے علاوہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے جس کی مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست پاور شیئرنگ کے لئے نہیں ہے، ہماری عوامی سیاست ہے، باقی لوگ عوام کے نام پر سیاست کر کے اپنے مفادات کا خیال رکھتے ہیں لیکن پی ٹی آئی عوام کے لئے سیاست کر کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کررہی ہے اور مینڈیٹ، جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اس لئے ہم پیپلزپارٹی اور ن لیگ جیسی سیاسی گروہوں کے ساتھ کوئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتے اور اس وقت تک مضبوط اپوزیشن کرینگے جب تک ہمارا مکمل مینڈیٹ ہمارے پاس نہیں آتا، انکا کہنا تھا کہ ہم اس پوزیشن میں ہیں وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جلد حکومت بنائیں گے اور عدلیہ سے اسی لئے درخواست کی ہے کہ 70 حلقوں پر جلد سے جلد فیصلے کئے جائیں۔