لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اسرائیلی فوج اور غیر قانونی یہودی بستیوں پر مربوط فضائی اور راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، جس سے اسرائیل کے زیرقبضہ شمالی فلسطین کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، مزاحمتی جنگجوؤں نے منارا بستی میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کے ایک قافلے کو حملہ آور ڈرونز کے اسکواڈرن سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی بعدازاں کافی تعداد میں ایمولینسز کو موقع پر امدادی سروسز کیلئے پہنچتے ہوئے دیکھا گیا، ایک اور حملہ آور ڈرون اسکواڈرن نے کفر گیلادی کان میں تعینات اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے مزید برآں زاریت کی بستی میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو حملہ آور ڈرون نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کی اسرائیلی حکومت نے تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ مزاحمتی فورسز نے متعدد اسرائیلی بستیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، ڈالٹن، کفار ورادیم، اور مالوت ترشیحہ کی بستیوں کو نشانہ بنایا گیا، راکٹوں سے فوجی اجتماعات اور انفراسٹرکچر دونوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ مالوت ترشیحہ پر حملے میں ایک آباد کار کی موت ہوگئی۔
حزب اللہ تحریک کے جنگجوؤں نے خیام کے جنوب میں واقع العمرہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا، اس حملے کا مقصد خطے میں اسرائیلی فوج کی موجودگی میں خلل ڈالنا ہے اور یہ سرحد کے ساتھ جاری کارروائیوں کے سلسلے کا حصہ ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حزب اللہ نے بیت ہلیل بیس پر ڈرون حملہ کیا، جس میں اٹیک ڈرون استعمال کیا گیا تاکہ اڈے کے اندر مقرر کردہ اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا جا سکے، حزب اللہ کے فضائی دفاعی یونٹوں نے مارجیون کے علاقے میں اسرائیل کے ایک ہرمیس 900 ڈرون کو کامیابی سے نشانہ بنایا، ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے نیچے اترتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔