کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، ٹاور، صدر، اولڈ سٹی ایریا، فیڈرل بی ایریا اور سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر، شارع فیصل، ڈی ایچ اے اور گلشن اقبال میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کا نظام معطل اور اپنے دفاتر اور کاموں پر سے گھر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ملیر کینٹ، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ روڈ، ملیر ہالٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، سرد ہواؤں کے اثرات آج رات سے شہر میں نمودار ہوسکتے ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری کمی اور خنکی میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہونے والی بارش کے ملی میٹرمیں اعدادوشمار جاری کیے گئے، اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل(شاہراہ فیصل) پر14ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کیماڑی میں 13 ملی میٹر،ناظم آباد 12.5ملی میٹر،سرجانی ٹاون 12.4ملی میٹر،سعدی ٹاون 12ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز بارشوں کا سبب بننے والا سسٹم مشرق کی جانب بڑھ گیا ہے اور تیز بارش کا امکان نہیں رہا، سردار سرفراز نے موسم اور بارش کی صورت حال کے حوالے سے اپنا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے نئی پیشرفت سے آگاہ کیا، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر سے درمیانی اور تیز بارشوں کا سبب بننے والا مغربی سسٹم کا کافی بڑا حصہ نکل گیا اور یہ سسٹم بتدریج مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سردار سرفراز نے کہا کہ جمعے کی رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار کا امکان ہے تاہم ہفتے کو شہر کا مطلع صاف رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔