بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، دوسری طرف خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، کوئٹہ میں دھماکہ چمن پھاٹک پر واقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب ہوا ہے، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، حکام نے بتایا کہ دھماکے میں 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے میں مصروف ہیں، پولیس حکام کے مطابق دونوں زخمی راہگیروں کی حالت خطرے سے ہے، اُدھر باجوڑ پولیس نے بتایا کہ باجوڑ تحصیل کے علاقے سالارزئی کے درہ بازار میں بم دھماکا ہوا جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، زخمی کو ہیڈ کوارٹر خار ہسپتال منتقل کردیا گیا اور دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔
باجوڑ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، واضح رہے کہ یہ دھماکہ ایک ایسے موقع پر ہوا جب باجوڑ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور شہروں میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پاکستانی فوج اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن عزم استحکام جاری ہے، رواں ماہ 19 اگست کو باجوڑ میں شدت پسندوں کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا تھا۔