خادم حرم امام رضا علیہ السلام صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے، پیر کی صبح حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا تھا جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں، ایران کے انگریزی زبان کے نیوز چینل پریس ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں، صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ سوار سینئر حکام کا ہیلی کاپٹر اتوار کے روز مشرقی آذربائیجان صوبے میں ورزقان اور جولفہ شہروں کے درمیان واقع دیزمار جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، ایران نے سرکاری طور پر صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی موت کی تصدیق کردی ہے، اس میں رئیسی، امیر حسین عبد اللہ یان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، تبریز شہر کے نماز جمعہ کے امام سید محمد علی الہاشمی اور صدر کی باڈی گارڈ ٹیم کے رکن مہدی موسوی شامل تھے، ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اور عملے کے ارکان کی بھی موت کی تصدیق کردی گئی ہے، صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ وفد آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کے ساتھ دریائے اراس پر ایک ڈیم کے افتتاح کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔
آیت اللہ ڈاکٹر رئیسی اور ان کی ٹیم کی شہادت کے اعلان کے بعد کابینہ نے نائب صدر محمد مختار کی سربراہی میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا، کابینہ نے ایک بیان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور ایرانی قوم سے صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، بیان میں ایرانی قوم کو یقین دلایا گیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا راستہ جاری رہے گا اور ملک کے معاملات کو چلانے میں ذرا سی بھی خلل نہیں پڑے گا، رہبر معظم انقلاب اسلامی الامام آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ قوم کو فکر مند یا پریشان نہیں ہونا چاہئے کیونکہ ملک کے کام کاج میں کوئی خلل نہیں پڑے گا، ایرانی ہلال احمر سوسائٹی (آئی آر سی ایس) کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے پیر کی صبح ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ امدادی ٹیموں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے کا سراغ لگا لیا ہے۔