چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ آئین کے بغیر ریاست کا متفق رہنا ناممکن ہوجائے گا، اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آئین اس لئے اہم ہے کہ یہ ملک کی تمام اکائیوں کو جوڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ آئین کے بغیر ریاست کا متفق رہنا ناممکن ہو جائے گا، سیاسی استحکام آئین کی بالادستی سے ہوگا، چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ سب سے بڑا تعلیم یافتہ وہ ہوتا ہے، جو غلطی بتانے والے کو گلے لگائے، ان کا کہنا تھا کہ ضد خاندان، ریاست اور مملکت تباہ کرتی ہے، جو عزت دار ہو وہ کسی کا حق نہیں مار سکتا، حامد رضا نے یہ بھی کہا کہ با نی پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے آپ اس سے نظریں نہیں چراسکتے، اگر آپ خوف ختم کر دیں گے تو سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں، دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کو جیل سے رہا کردیا گیا، چوہدری پرویز الہٰی کوٹ لکھپت جیل سے ظہور الہٰی پیلس پہنچ گئے، لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں پرویز الہیٰ کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے چوہدری پرویز الہٰی کی پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنایا، پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں کا مؤقف تھا کہ پرویز الہٰی کا اِن بھرتیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، اینٹی کرپشن نے مقدمہ 2 سال کی تاخیر سے درج کیا، انہوں نے کسی امیدوار سے بھرتی کیلئے رقم وصول نہیں کی، اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی کے گھر سے جعلی ریکوری ڈالی، اینٹی کرپشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی پر مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا، دلائل سننے کے بعدعدالت نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت منظور کرلی، پرویزالہٰی کو 25 اکتوبر 2023ء کو گرفتار کیا گیا تھا۔