اسرائیلی فوج کے زیر قبضہ شمالی علاقوں میں نو ماہ سے جاری لڑائی کے دوران بدھ کو اُس وقت شدید کشیدگی میں اضافے ہوگیا جب ایک اسرائیلی حملہ میں حزب اللہ کے کمانڈر حاج محمد نعیمہ ناصر کو شہید کردیا گیا، جس کے جواب میں جمعرات کو حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر 200 سے زیادہ راکٹ اور ڈرون فائر کئے ہیں، گذشتہ روز بھی حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر 100 سے زائد راکٹ فائر کئے تھے، اب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اسکی فوج کا نارتھن کمانڈ کا ڈپٹی 38 سالہ میجر اتائے گالیہ شمالی اسرائیل اور گولان کی پہاڑیوں پر حزب اللہ کے راکٹ حملوں کے دوران مارا گیا ہے، میجر گالیہ آرمرڈ بریگیڈ کے یونٹ 8679 میں ڈپٹی کمانڈر تھا، اسرائیلی فوج نے کہا کہ گالیہ شمالی محاذ میں لڑتے ہوئے مارا گیا ہے حالانکہ اس سے قبل اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ میجر گالیہ گولان کی پہاڑیوں میں مارا گیا، جو شام کی سرزمین ہے اور اسرائیلی فوج اس پر دوسری عرب اسرائیل جنگ کے بعد سے غیر قانونی طور پر قابض ہے، حزب اللہ کے اہداف میں گیملا بیرک میں 7ویں بریگیڈ کی آرمرڈ بٹالین کا ہیڈ کوارٹر کے علاوہ کاتسویہ بیرک میں 91ویں ڈویژن کا نیا ہیڈکوارٹر، کاتسویہ بیرک میں 7ویں آرمرڈ بریگیڈ کا ہیڈ کوارٹر شامل تھا، حزب اللہ نے نفح اڈے پر 210ویں ڈویژن (گولان ڈویژن) کے ہیڈکوارٹر اور یارڈن بیرکوں میں 210ویں ڈویژن کے آرٹلری رجمنٹ کے ہیڈ کوارٹر پر بھی حملہ کیا، لبنانی مزاحمتی تحریک کا کہنا ہے کہ اس نے المرج سائٹ کو بھاری برقان میزائل سے نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے حملے سے اس سائٹ کو شدید نقصان پہنچا اور مختلف مقامات پر آگ بھڑک گئی، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سات اکتوبر کو غزہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے تقریباً روزانہ سرحد پار فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ یہ جھڑپیں مکمل جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیریش نے کہا ہے کہ جھڑپوں میں اضافہ پریشان کن ہے، انتونیو گوتیریش کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ اگر یہ چھڑپیں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں مکمل جنگ میں بدل گئی تو پورے مشرق وسطیٰ کے لئے خطرے سے خالی نہیں ہو گا، اسرائیلی فوج نے جمعرات کو کہا کہ اس کی افواج لبنان سے اسرائیلی علاقے میں فائر کیے گئے متعدد پروجیکٹائل اور مشتبہ فضائی اہداف کے بعد جنوبی لبنان میں ان کے لانچ پوسٹوں پر حملہ کر رہی ہیں، فوج نے مزید کہا کہ فائر کیے گئے زیادہ تر راکٹوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں مار گرایا لیکن حملوں کے بعد شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں میں آگ لگ گئی، اسرائیل نے بدھ کو لبنان کے ساحلی قصبے طائر کے قریب حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر محمد نعمة ناصر کو نشانہ بنایا تھا، حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ شہید کمانڈر لبنان کی مزاحمتی تحریک کے تین اہم ترین شعبوں میں سے ایک کو کمانڈ کر رہے تھے، ایک اور سرحدی سیکٹر کے کمانڈر گذشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے، حزب اللہ نے کہا کہ دشمن کی طرف سے کیے گئے قتل کے جواب میں انہوں نے اسرائیلی اڈوں پر 200 سے زیادہ راکٹ اور دھماکہ خیز ڈرونز کا ایک اسکواڈرن فائر کیا ہے، صبح کے وقت اسرائیل کے زیر قبضہ شمالی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے تھے۔