انڈیا کے شہر ممبئی میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ رات گئے چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والے اداکار سیف علی خان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ بدھ کی شب ایک نامعلوم شخص باندرہ کے علاقے میں واقع سیف علی خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوا تھا اور اس سے مڈبھیڑ کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے متعدد وار کیے گئے تھے، انھیں لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا اور جمعرات کو ایک بیان میں اداکار کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ’سیف علی خان کی سرجری ہو چکی ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، وہ ابھی صحت یاب ہو رہے ہیں اور ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں، سرجری کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لیلاوتی ہسپتال کے ڈاکٹر نتن ڈانگے کے مطابق اداکار کی کمر کے اوپری حصے میں چاقو پیوست ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے، ان کے جسم سے چاقو نکالنے کے لئے سرجری کی گئی ہے، ان کے بائیں ہاتھ اور گردن پر دو گہرے زخموں کا علاج پلاسٹک سرجری ٹیم نے کیا ہے، ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیڈم نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص اداکار سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا، اس کے بعد سیف علی خان اور اس شخص کے درمیان جھگڑا شروع ہوا، جس میں سیف علی خان زخمی ہو گئے، نیوز ایجنسی اے این آئی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ایک شخص سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا اور اس کا سامنا پہلے سیف علی خان کے گھریلو ملازمین سے ہوا تاہم جب سیف علی خان نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔
انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور کے باندرہ میں واقع گھر میں رات تقریباً ڈھائی بجے ایک چور داخل ہوا، اس دوران سیف علی خان اپنی فیملی کے ساتھ گھر پر تھے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد چور موقع سے فرار ہو گیا اور پولیس حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے، رپورٹ میں ایک سینئر آئی پی ایس افسر کے حوالے سے واقعہ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ سیف علی خان کو لیلاوتی ہسپتال میں داخل کیا گیا، اداکار سیف علی خان پر ہونے والے حملے پر ان کی ٹیم نے اس معاملے پر باقاعدہ ایک بیان بھی جاری کیا تھا، اس بیان میں کہا گیا تھا کہ سیف علی خان کے گھر پر چوری کی واردات کی کوشش کی گئی، اس وقت ہسپتال میں ان کی سرجری ہو رہی ہے اور پولیس اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے، لیلاوتی ہسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اتمانی نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ انھیں رات تقریباً 3:30 بجے لیلاوتی ہسپتال لایا گیا، انھیں چھ زخم آئے ہیں جن میں سے دو گہرے ہیں، ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہے۔ ان کی سرجری ہو رہی ہے، چوٹ کتنی گہری ہے یہ سرجری کے بعد معلوم ہو سکے گا۔