پاکستان تحریک انصاف کےصدر پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ شہباز شریف نے ہاتھ کردیا ہے، قائد ن لیگ کو پھنسا کر بلایا اور ذلیل کروا دیا، نواز شریف کا رہا سہا بھرم بھی خاک میں مل گیا ہے، عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز الہٰی نے کہا کہ الیکشن کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ عوام نے لاڈلوں کو مسترد کردیا، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر لاڈلوں کو ڈاکا نہیں مارنے دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا، الیکشن مہم نہیں چلانے دی گئی، پولنگ ڈے پر ہمارے ایجنٹس کو بھی نہیں بیٹھنے دیا گیا، اس سب کے باوجود عوام کا سابق وزیراعظم عمران خان سے اظہار محبت قابل تحسین ہے۔ صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چھاپے اور گرفتاریوں سے کارکنوں کو ہراساں کیا گیا، پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
دوسری طرف مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم کرلیا ہے، رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمارا نتیجہ ہماری توقعات کے مطابق نہیں آیا، میں ہارگیا ہوں اور نتیجے کوتسلیم کرتا ہوں، اپنے حلقے کے نتائج سے مطمئن ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے تو وہ الیکشن ٹریبونل میں چلے جائیں، فضل الرحمان کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں کہ کیا ہم سب کو نہیں پتا تھا کہ جے یو آئی کا نتیجہ کیا آئے گا؟۔
1 تبصرہ
ان دونوں بھائیوں کو ایک دوسرے سے الگ نہ سمجھیں دونوں ایک دوسرے سے بڑے کرپٹ انسان ہیں