بالی ووڈ انڈسٹری کے کنگ، شاہ رخ خان نے اپنی میگا ہٹ فلم پٹھان کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا ہے، یاد رہے کہ فلم پٹھان کی غیر معمولی کامیابی پر مداحوں نے شاہ رخ خان سے فلم کا سیکوئل بنانے کا مطالبہ کیا تھا جسے اداکار نے قبول کر لیا ہے، بھارتی میڈیا دی ویک کی ایک رپورٹ کے مطابق کنگ خان کی سال 2023ء میں ریلیز اور سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلم پٹھان کا اب سیکوئل پٹھان 2 بنے گا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان اپنی فلم کے سیکوئل پٹھان 2 کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال کے آخر میں کریں گے، میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور فلم ساز آدیتیہ چوپڑہ کے درمیان پٹھان 2 بنانے سے متعلق معاملات طے پا چکے ہیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فلم کے قریبی ذرائع کے مطابق پٹھان 2 میں شائقین پٹھان ورسز ٹائیگر یعنی شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔
پٹھان فلم نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کاروبار کیا، فلم نے پہلے دن 54 کروڑ روپے کی آمدنی کی اور شاہ رخ خان کی یہ فلم اب تک کی سب سے بڑی نان ہالیڈے اوپنر بن گئی ہے، ہندی سنیما کی تاریخ میں فلم پٹھان سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم ہے، شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کے مطابق پٹھان نے پانچ ہفتوں میں دنیا بھر میں 1026 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے، واضح رہے کہ پٹھان فلم بعض ہندو تنظیموں کی جانب سے بائیکاٹ کی کال اور پرومو گیت بے شرم رنگ پر اٹھنے والے تنازعات کے درمیان 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے پہلے دن سے ہی کمائی کا نیا ریکارڈ قائم کرنا شروع کر دیا تھا۔