گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کردیا ہے، سید صدرالدین شاہ راشدی سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا، جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات عبدالرحیم نے بتایا کہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مبینہ دھاندلی پر باہمی تعاون کے حوالے سے غور کیا گیا، سید صدر الدین شاہ راشدی نے دیگر رہنماؤں کو جی ڈی اے کے 23 فروری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔
سید صدر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں اس بات پر غور ہوا کہ اپوزیشن کی سخت گیر تحریک کی وجہ سے حکومت اور الیکشن کمیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس برائے حلف برداری کا اعلان اچانک کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس صورت میں عوام اور تمام جماعتوں کے کارکنان اس دن سندھ بھر میں سخت احتجاج کریں گے جس پر اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اتفاق کیا، سردار عبدالرحیم نے مزید بتایا کہ 23 فروری کے اجلاس میں اس حوالے سے غور کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔
1 تبصرہ
جی ڈی اے جب تک فوج کی بی ٹیم رہے گی پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتی، پیپلزپارٹی فوج کی اے ٹیم ہے مگر وہ عوام میں تاثر دیتی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ مخالف ہے، جب پیر پگاڑا فوج کے آدمی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو پھر سندھی اُن کی حمایت کیسے کریں۔