مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بدقسمتی 2024 کے الیکشن کا ڈیزائن 2018 سے مختلف نہیں، یہ ایک حقیقت ہے کہ نواز شریف کے ساتھ دھوکا کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ صرف نواز شریف سے نہیں بلکہ اس ریاست، قوم اور نظام کے ساتھ دھوکا ہوا ہے، میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نئی حکومت کو بہت زیادہ مشکلات ہوں گی، چار دن پہلے گیس کے بل جس طرح آئے ہیں، اگلے دنوں میں بجلی کے نرخ بھی بڑھیں گے تو اس سے ضروریات زندگی پوری کرنے میں مشکل ہو گی، ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے نرخ بڑھنے سے انڈسٹری بند ہوگی، اس سے بے روزگاری پھیلے گی، یہ بہت بڑے چیلنجز ہیں، پھر عالمی مالیاتی اداروں سے قرض کی قسط لینی ہے اور اس پر بھی دیکھنا ہو گا کہ کس طرح سے معاملات طے پاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ استحکام اس وقت آتا ہے جب ایک جماعت کے پاس سادہ اکثریت ہو اور ایک قومی حکومت کی شکل میں بننے والی حکومت کو بے شمار چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بہت سے مسائل کو حل کرنا ایسے میں مشکل بلکہ ناممکن بھی ہو جاتا ہے، پیپلز پارٹی سے اتحاد کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ حکومت چلانا اس وقت زیادہ مشکل ہوتا ہے جب آپ اقتدار میں شامل ہوں، اتحادی بھی ہوں مگر آپ پر ذمہ داری کوئی نہ ہو، جب آپ ذمہ داری ساتھ میں لیتے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ کل کو عوام میں جا کر ہمیں کیا جواب دینا ہے یا مشکل ترین فیصلوں کا سیاسی طور پر کیا اثر پڑے گا یا مشکل ترین فیصلوں کا ریاست پر کیا اثر ہو گا۔
جاوید لطیف نے کہا کہ کسی بھی جماعت کے پاس سادہ اکثریت ہو تو وہ آزادانہ اپنی پالیسیاں متعارف کراتی ہے اور اس پر عملدرآمد کرانے میں بھی اسے آسانی ہوتی ہے لیکن اگر ہر مسئلے پر ووٹنگ کرانی ہو، دائیں بائیں دیکھنا پڑے تو پھر مشکلات بڑھتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی یہ جو 2024 کا الیکشن ڈیزائن کیا گیا، یہ 2018 سے مختلف نہیں تھا، مجھے کہتے ہوئے دشواری ہے مگر حقیقت تو ہے کہ اگر آپ مختلف جماعتوں سے پک اینڈ چوز کریں تو کوئی اس کو شفاف انتخاب نہیں کہے گا، آج کوئی ہماری طرف سے کہے نہ کہے مگر ایک حقیقت ہے کہ نواز شریف کے ساتھ دھوکا کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے نظریے اور سوچ کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ شاید ہم نے اسے دفن کردیا ہے، کیا یہ حقیقت نہیں کہ مجھے تو نواز شریف کے نام پر ووٹ ملے ہیں، نواز شریف کو خود تو ہروا دیا جائے، ان کی جیت کو بھی مشکوک کردیا جائے، ہم یہ سب دیکھ رہے ہیں لیکن قوم حقیقت جان رہی ہے، انہوں نے کہا کہ صرف نواز شریف سے نہیں بلکہ اس ریاست، قوم اور نظام کے ساتھ دھوکا ہوا ہے اور پاکستان کے ان مسائل میں نواز شریف بہتری لا سکتے ہیں۔