انسداد بدعنوانی کے محکمے نے چکوال سے سابق ڈی جی، آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی نائب تحصیلدار سردار نجف حمید لطیفال کو گرفتار کرلیا، نائب تحصیل دار محکمہ مال چکوال سردار نجف حمید لطیفال، سابق صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر اور دیگر کے خلاف تھانہ انسداد بدعنوانی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں درج مقدمہ نمبر 16/23 میں نامزد تھے اور انہوں نے عبوری ضمانت کروا رکھی تھی، اسپیشل جج اینٹی کرپشن راولپنڈی علی نواز بھکر کی عدالت میں پیر کو سماعت ہوئی، نجف حمید تاخیر کے ساتھ عدالت پہنچے تو عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کردی عدالت کی جانب سے سردار نجف حمید لطیفال کی ضمانت منسوخ کرنے پر سرکل افسر اینٹی کرپشن چکوال ناصر عزیز خان کی قیادت میں محکمہ اینٹی کرپشن چکوال کی ٹیم نے سردار نجف حمید لطیفال کو گرفتار کرلیا، واضح رہے کہ 16 فروری 2023 کو کمشنر راولپنڈی نے نجف حمید کو نائب تحصیلدار کے عہدے سے معطل کر دیا تھا اور ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی تھی، اس گرفتاری کو اس لئے بھی اہمیت حاصل ہے کہ مریم نوازشریف اور نوازشریف ایک سے زائد مرتبہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل فیض حمید کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
اینٹی کرپشن تفتیشی ٹیم نے نجف حمید کو سینئر سول جج کرمنل وقار حسین گوندل کی عدالت میں پیش کیا اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوانے کی استدعا کی۔ عدالت نے نجف حمید کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرکے انہیں اڈیالہ جیل بجھوانے اور یکم اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، نجف حمید سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بڑے بھائی ہیں، اِن کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن چکوال میں ان کے خلاف سیکشن 420.468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج ہے، نجف محکمہ انسداد رشوت ستانی نے راولپنڈی کی عدالت سے نجف حمید کو گرفتار کیا۔