ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق تہران سے قریب شہر اصفہان پر ایران کے فضائی دفاعی نظام نے تین ڈرون مار گرانے ہیں، ایران کے غیرسرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز آذربائیجان سے فائر ہوئے تھے جو اسرائیل کا قریبی اتحادی ملک ہے، امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک سینئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے ایران میں ایک سائٹ پر میزائل حملہ کیا تھا تاہم اس حملے کو ایران نے ناکام بنادیا ہے واضح رہے ایران کے شہر اصفہان کے مضافات میں ایران کی ایک اہم ایٹمی پلانٹ ہے، ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے صوبے اصفہان کے ایئرپورٹ پر دھماکے کی آواز سنی گئی جوکہ ایران کے دفاعی نظام کو فعال کرنے کی علامت تھی، جس کے بعد اصفہان کیلئے تمام پروازیں معطل کر دی گئیں، جاپان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش ہے اور وہ کسی بھی ایسے اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید خراب کرنے کا باعث بنے، جاپان صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لئے تمام ضروری سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ جمعہ کو علی الصبح ایران کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے شمال مغرب میں وسطی ایرانی شہر اصفہان اور تبریز کے قریب آسمان پر مشکوک اشیاء کو دیکھا گیا، جس کے بعد فضائی دفاعی نظام فعال ہوگیا اور فضاء میں ہی اسرائیل کے بھیجے گئے ڈرونز کو مار گرایا، حکام نے بتایا کہ اصفہان صوبے میں اہم تنصیبات بالخصوص جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں اور کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، ایران ایئرپورٹس اور ایئر نیوی گیشن کمپنی نے کہا کہ عارضی تاخیر کے بعد تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ایرانی ہوائی اڈوں پر پروازوں کے لئے معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے جمعہ کے روز ایکس پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات محفوظ ہیں، ایرانی خلائی ایجنسی کے ترجمان حسین دلیرین نے جمعہ کی صبح ایکس پر اپنے اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا اصفہان یا ملک کے دیگر علاقوں پر کوئی غیر ملکی فضائی حملہ کامیاب نہ ہوسکا، انہوں نے کہا کہ کواڈ کاپٹروں کو اڑانے کی صرف ناکام اور ذلت آمیز کوششیں تھیں جنہیں گرا دیا گیا۔