افغان طالبان کی دہشت گردوں کے ساتھ ملکر پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی، جس میں خودکش بمبار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے علاقے ڈانگر الگد میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کو تحریک طالبان افغانستان(ٹی ٹی اے) کا کمانڈر یحییٰ ہدایات دے رہا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لئے تیار ہیں اور آپ نے پاکستانی پوسٹوں پر حملہ کرنا ہے، افغان کمانڈر کہہ رہا ہے کہ منصوبے کے مطابق 6 راکٹ چلانے والے ہونگے اور 6 ان کے معاونین، اسی طرح 2 لیزر والے ہونگے اور 2 ان کے ساتھ معاونین جبکہ ایک بندہ اسنائپر والا بھی ہو گا یہ سب مجاہدین شیخ عباداللہ کے احکامات پر تیار ہیں، پاکستان میں داخلے کیلئے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں جبکہ دہشت گرد پاکستان کے خلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کر رہے ہیں
یہ و یڈیو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ افغان طالبان پاکستان اور افغانستان سرحد سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے، یاد رہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ کابل حکومت دہشت گردوں کو اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے دیں، دوسری جانب افغان طالبان کا اصرار ہے کہ دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی پر افغان عبوری حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے، جبکہ دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں جو افغان سرزمین کا مسلسل استعمال کر ر ہے ہیں، پاکستان نے افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر افغان عبوری حکومت کو بارہا اپنے سنگین تحفظات سے آگاہ کیا مگر کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہ ہو سکی۔