بلوچستان کے ضلع واشوک میں ایرانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانی جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ منگل کے شب پاکستان ایران سرحد کے ایک مقام جودرـ بچرائی پر پیش آیا، ماشکیل انتظامیہ کے سینئر حکام نے بتایا کہ ایرانی فورسز کی جانب پاکستانی سرحد کے اندر فائرنگ کی گئی، ایرانی فورسز نے جس وقت فائرنگ کی اس وقت متاثرین پاکستانی سرحد کے اندر بیٹھے ہوئے تھے، ماشکیل رورل ہیلتھ سینٹر کے ڈاکتر اشرف نے کہا کہ 4 لاشیں اور 2 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا، سرحد پر تعینات ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے پاکستانی ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث تھے، فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک شہری کی شناخت اختر کے نام سے ہوئی، جس نے دعویٰ کیا کہ وہ تیل کی کھیپ کا انتظار کررہے تھے جب ایرانی فورسز نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 4 ایرانی بھی شامل ہیں جنہیں ایرانی فورسز اپنے ساتھ لے گئیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ 28 مئی کو پاکستان اور ایران کی سرحد پر بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل سے 60 کلومیٹر دور جودر بچارانی کے مقام پر پیش آیا، ہلاک شدگان میں ماشکیل کے رہائشی اصغر ولد محمد اکبر، شکراللہ ولد قادر بخش، واسع ولد ملا سلیمان اور کوئٹہ کے رہائشی دلاور ولد محمد عظیم شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی شناخت خاران کے رہائشی میاں گل ولد محمد سلیم اور ماشکیل کے رہائشی ، اختر ولد عبدالباقی کے نام سے ہوئی ہیں، زخمیوں کو آر ایچ سی ماشکیل منتقل کیا گیا ہے، تاحال اس حوالے سے ایرانی حکام یا سکیورٹی فورسز کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔