ایران نے اسرائیل پر حملوں کا آغاز کردیا ہے، مغربی ایران کے کئی شہروں میں خودکش ڈرونز کے اُڑنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے درجنوں خودکش ڈرونز سے اسرائیل پر حملہ کردیا ہے جبکہ آج شام کو ایک سائبر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سمیت اسرائیل کے کئی شہروں کی بجلی فراہمی کا نظام معطل ہوگیا، اسرائیلی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران سے خود کش ڈرونز کو اسرائیل تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے بعد ایرانی حملے کے نتائج سامنے آئیں گے، اسرائیل نے ایرانی حملے روکنے کیلئے مکمل تیاری کی ہوئی ہے تاہم تہران میں عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ڈرونز حملے کا نتیجہ اسرائیل کیلئے بھیانک ثابت ہوگا، ایران نے اپنے کروز میزائلز کو ایکٹویٹ کردیا ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈرونز اور کروز میزائل کے حملے ساتھ ساتھ کئے گئے ہیں، جس کی وجہ سے اسرائیل کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملے گا، حملے کے بارے میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز آئی ڈی ایف کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
اسرائیل کے سرکاری ذریعے کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ سے تل ابیب جانے والی دو پروازوں کو ایران کی جانب سے متوقع حملے کی وجہ سے واپس بلوالیا گیا ہے، اسرائیل بھر میں اتوار کو تمام اسکولز اور تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں، دوسری طرف تین امریکی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ایران نے اس ہفتے کے شروع میں کئی عرب ممالک کے ذریعے بائیڈن انتظامیہ کو پیغام بھیجاہے کہ اسرائیل ایران جنگ میں اگر امریکہ شامل ہوتا ہے تو خطے میں موجود امریکی افواج پر حملہ کیا جائے گا، ایران نے برطانیہ، آسٹریلیا اور جرمنی کے وزرائے خارجہ اور ان کے ایرانی ہم منصب کے درمیان جمعرات کو ہونے والی گفتگو کے دوران ایران اسرائیل جنگ سے لاتعلق رہنے کا مشورہ دیا ہے، دو امریکی عہدیداروں نے کہا کہ ان ٹیلیفونک بات چیت میں ایرانی پیغام زیادہ اہم حصّہ یہ تھا کہ ایران محدود ردعمل کا اظہار کرئے گا، جو علاقائی کشیدگی کا باعث نہیں بنے گا۔