لبنانی حکام نے پیر کے روز بیروت کے رفیق الحریری بین الاقوامی ہوائی اڈے کو صحافیوں اور غیرملکی سفارتکاروں کے معائنے کیلئے کھول دیا تاکہ برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی جھوٹی خبر کا پول کھولا جاسکے، صحافیوں اور سفارتکاروں نے ائیرپورٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور یہ دورہ برطانوی اخبار میں اس خبر کی اشاعت کے بعد کرایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ رفیق الحریری ائیرپورٹ پر حزب اللہ کیلئے آنے والے ہتھیاروں کا ذخیرہ کیا جارہا ہے، سو سے زائد صحافیوں اور سفارتکاروں نے ہوائی اڈے کے متعدد گوداموں کا دورہ کیا، قومی اور بین الاقوامی میڈیا اور سفارتکاروں نے کسی بھی گودام میں ہتھیاروں کا کوئی نشان نہیں پایا، برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے الزامات جن میں نامعلوم ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کیلئے آنے والے ہتھیاروں کو بیروت کے الحریری ائیرپورٹ پر ذخیرہ کیا گیا ہے، لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ علی حمیہ نے برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کیلئے مذموم صحافت مغربی میڈیا کا وطیرہ بن چکا ہے۔
علی حیمہ نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد اور ناقص ذرائع پر مبنی قرار دیا اور فوراً میڈیا اور سفارتکاروں کو سائٹ کے دورہ کی دعوت دی، ہم نے سفارتکاروں اور صحافیوں کو ہوائی اڈے پر مدعو کیا ہے تاکہ وہ خود حقیقت کو قریب سے دیکھ سکیں، انہوں نے دورے کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دی ٹیلی گراف نے ہوائی اڈے پر کام کرنے والے ایک نامعلوم ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ غیر معمولی بڑے ڈبے ایران سے ائیرپورٹ پہنچ رہے تھے، مسٹر حمیہ نے کہا کہ میں ترجیح دیتا کہ دی ٹیلی گراف معتبر ذرائع کا استعمال کرتا، جیسے کہ برطانوی وزارت ٹرانسپورٹ جس نے چھ ماہ پہلے ہوائی اڈے کا معائنہ کیا تھا، رپورٹ میں ان ہتھیاروں کی قسم کی بھی تفصیلات دی گئی تھیں جو مبینہ طور پر ہوائی اڈے پر کام کرنے والے نامعلوم ذریعے سے حاصل ہوئیں اور اس نامعلوم ذریعے کا کبھی معلوم نہیں ہوسکے گا حالانکہ نامعلوم ذریعے نے اعتراف کیا کہ وہ ڈبوں کے اندر نہیں دیکھ سکا تھا، میڈیا اور سفارتکاروں نے ایک ہوائی اڈے کے ٹرک ڈرائیور سے بات کی جو لبنان کی کسٹمز اتھارٹی کے زیر انتظام گودام میں بڑی مقدار میں سامان لے کر جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ میں 10 سال سے یہ کام کر رہا ہوں اور میں نے کبھی یہاں ہتھیاروں کی اسمگلنگ یا ذخیرہ کرنے کا کوئی نشان نہیں دیکھا۔