تحریک انصاف کی خیبر پختون خوا حکومت نے کل اسلام آباد میں جلسے کے ہر صورت انعقاد کیلئے پلان اے، بی اور سی تیار کرلیا، پی ٹی آئی رہنماؤں کا فیصلہ ہے کہ جلسہ اس بار کسی کی ہدایت پر منسوخ یا ملتوی نہیں کیا جائے گا، ایمبولینسز، بلڈوزر، کرین اور تمام ضروری مشینری آج صوابی پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبہ خیبرپختونخواہ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو جلوسوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، تمام ارکان اسمبلی کو پلان پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے میں رکاوٹوں کے باوجود ہر صورت پہنچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے بنایا جائے گا جس کیلئے ارکان اسمبلی کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا جلسے کو کامیاب بنا نے کے لئے تمام تر انتظامات خود دیکھ رہے ہیں، کارکنوں کو آنسو گیس اور شیلنگ سے بچنے کیلئے پانی، کپڑا، نمک کے ساتھ دیگر ضروری سامان ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے 8 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کی مختلف سڑکوں پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں، جس سے عام لوگوں کی آزادانہ آمد و رفت متاثر ہورہی ہے، ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سڑکوں پر کنٹینرز لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کنٹینرز رکھ کر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیا جائے گا، مری روڈ فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز سڑک کے اطراف رکھ دئیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے جلسے میں جانے والے افراد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دئیے گئے راستوں کا استعمال کرکے جلسہ گاہ پہنچیں گے، پی ٹی آئی نے کل اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔