پاکستان میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا آغاز 19 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا، جس کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس 12ویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار میں پاکستان اور دوست ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی جائے گی، دنیا کے 55 ممالک سے 550 سے زائد نمائش کنندگان اپنے اسٹالز لگائیں گے، ایکسپو سینٹر میں 9 ہالز بنائے گئے ہیں نمائش میں 224 مقامی اور 333 بین الاقوامی کمپنیز شریک ہیں، اس نمائش میں جدید اور روایتی دفاعی ساز و سامان کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر انتظام یہ دفاعی نمائش 19 سے 22 نومبر تک جاری رہے گی، اسی حوالے سے 16 نومبر کو ایک میڈیا بریفنگ منعقد کی گئی، جس میں ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر علی عادل اور ڈائریکٹر میڈیا کموڈور اعتزاز خالد نے بتایا کہ نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد اہم سیمینارز اور میٹنگز ہوں گی، نمائش میں ترکی اور چین بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جبکہ ایران، اٹلی اور برطانیہ پہلی مرتبہ شریک ہو رہے ہیں۔ رواں ایڈیشن میں ماضی، انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو سینٹر کے دو ہال ترک کمپنیوں اور ایک ہال چینی کمپنیوں کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ نمائش میں جے ایف 17 طیارے سمیت دیگر ہتھیار رکھے جائیں گے اور عالمی دفاعی صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجی ایک ہی چھت تلے دیکھنے کو ملے گی، نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود میں وزرائے دفاع، وزراء اور آرمی چیفس بھی شامل ہوں گے۔
دفاعی پیداوار میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر، بحری جہاز، آبدوزیں، ڈرون، میزائل، سائبر ڈیفنس، سیٹلائٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز شامل ہیں، چار روزہ دفاعی نمائش میں متعدد سرگرمیاں شامل ہیں، اس سلسلے میں 21 نومبر کو سی ویو پر خصوصی کراچی شو منعقد ہوگا، جہاں پاک فضائیہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کرے گی، رواں ایڈیشن میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ مندوبین اور مبصرین شریک ہوں گے اور مقامی کمپنیاں بھی نئی مصنوعات متعارف کرائیں گی، سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار کا آغاز کیا گیا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے، ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لئے ایک بار پھر کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے اور 12ویں آئیڈیاز 19 سے 22 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔
۔