شام کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پیر کو اسرائیلی حملے میں دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانہ کے احاطے کو نشانہ بنایا ہے جس میں لبنانی میڈیا کے مطابق ایرانی دفاعی مشیر بھی شہید ہوگئے ہیں، جنگ پر نظر رکھنے والی ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ اس حملے میں آٹھ افراد شہید ہوئے ہیں، شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں دمشق کے علاقے مزہ میں ایرانی قونصل خانہ کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل کی طرف سے اس ضمن میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، جائے وقوعہ پر موجود اے ایف پی کے رپورٹروں نے تصدیق کی ہے کہ دمشق کے مضافات میں ایرانی سفارت خانے کے احاطے میں موجود عمارت تباہ ہوگئی ہے، ایرانی ذرائع ابلاغ نے یہ بھی بتایا ہے کہ دمشق میں ہونے والے حملوں میں ملحقہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے تاہم سفیر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی نور نے کہا ہے کہ دمشق میں ایران کے سفیر حسین اکبری اور ان کے اہل خانہ کو اسرائیلی حملے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا، شام اور ایران کے ذرائع ابلاغ کے مطابق دمشق میں ایرانی قونصل خانہ پر اسرائیلی حملے سے عمارت زمین بوس ہوچکی ہے، دوسری جانب لبنانی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ایران کی سینیئر فوجی مشیر محمد رضا زاہدی جو وہاں سفارتی ذمہ داری ادا کررہے تھے مارے گئے ہیں جبکہ روئٹرز نے ایرانی سرکاری چینل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اس حملے میں مرنے والوں میں متعدد ایرانی سفارت کار بھی شہید ہوئے ہیں، دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد روئٹرز کے مطابق شام کے لئے ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ تہران کا جواب بہت سخت ہوگا، دوسری جانب ارنا کے مطابق شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے میزائل حملے کے بعد ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ یان کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔