سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر پریمیم فیچرز تک مفت رسائی دینے کا اعلان کر کے صارفین کو خوش کر دیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے صارفین کیلیے نئی پیشرفت کا اعلان کیا جس میں انہیں اضافی فوائد حاصل ہوں گے، ایلون مسک نے ایکس خریدنے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کیں جس میں بلیو ٹِکس کیلیے 8 ڈالر چارج کرنا، غلط معلومات اور جعلی خبروں کو ختم کرنا شامل ہے، تاہم تازہ ترین پیشرفت کے مطابق اب کچھ ایکس اکاؤنٹس پریمیم فیچرز تک مفت رسائی حاصل کر سکیں گے، اس متعلق ایلون مسک نے اپنے ایکس اکاؤنٹس سے ٹوئٹ کیا کہ 2500 سے زیادہ تصدیق شدہ سبسکرائبر فالوورز والے سبھی اکاؤنٹس کو پریمیم فیچرز مفت ملیں گے جبکہ 5000 سے زیادہ فالوورز والے اکاؤنٹس کو پریمیم پلس مفت ملے گا۔
دوسری طرف پیغام رسانی کیلئے دنیا کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کو بڑی خوشخبری سنادی، تفصیلات کے مطابق میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ایک نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) شارٹ کٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، اینڈرائیڈ ہیڈ لائن نامی ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اے آئی شارٹ کٹ واٹس ایپ کے اوپر موجود ہوگا جسے صارفین مختلف سوالات کے جواب جاننے اور مختلف موضوعات کی تفصیلات جاننے کے لئے استعمال کر سکیں گے۔