پاکستان کے سابق وزیراعظم پی ٹی آئی کےبانی چیئرمین عمران خان نے عدلیہ کی آزادی کیلئے ملک گیر احتجاج کی تازہ کال دی ہے اور اسلام آباد میں ڈی چوک پر بھی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے، واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگکی اتحادی حکومت نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر عوامی اجتماعات پر پابندی لاگئی ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مطابق 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کارروائی نا روکنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی کے ایک روز بعد پارٹی نے احتجاج کا اعلان کیا، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے اعلان کردہ کسی بھی مقام پر احتجاج کرنے کے لئے تیار ہیں، یاد رہے کہ عمران خان کے اعلان کے مطابق پی ٹی آئی کل میانوالی، فیصل آباد اور بہاولپور میں احتجاج کرے گی جب کہ اسی طرح کا مظاہرہ 5 اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور میں کیا جائے گا، تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت میں عوامی اجتماعات، جلسوں پر مکمل پابندی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، امن عامہ ایکٹ 2024ء کے تحت کوئی بھی پارٹی جو احتجاج کرنا چاہتی ہے وہ ایک ایونٹ کوآرڈینیٹر مقرر کرے جو مقررہ تاریخ سے 7 دن پہلے اجتماع منعقد کرنے کی اجازت کے لئے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھے گا۔
قانون کے مطابق درخواست کی وصولی کے بعد ضلع مجسٹریٹ امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سکیورٹی کلیئرنس رپورٹس حاصل کرے گا اور اس کے بعد اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گا، یہ وفاقی حکومت کو یہ اختیار بھی دیتا ہے کہ وہ اسلام آباد کے ایک مخصوص علاقے کو ریڈ زون یا ہائی سکیورٹی زون کے طور پر نامزد کرے، اس طرح اس علاقے میں ہر قسم کی اسمبلیوں پر پابندی لگا دی جائے، اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں تحریک انصاف کے آخری جلسے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے کم از کم 11 ایم این ایز کو گرفتار کیا گیا، بعض رہنماوں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سنگجانی پولیس کے حوالے کیا گیا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان رہنماؤں کا ریمانڈ ختم کر دیا اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے بعد ارکان قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے۔