ایران کی مقامی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس فورسز نے دہشت گرد گروہ داعش خراسان کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، منگل کے روز نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ دونوں دہشت گرد گزشتہ روز مقدس شہر قم میں حضرت معصومہ (ع) کے حرم میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جب انہیں گرفتار کر لیا گیا، اطلاعات کے مطابق یہ گرفتاریاں پاسداران انقلاب اسلامی کی مقامی شاخ کے انٹیلی جنس یونٹ نے کی ہیں، رپورٹس میں دونوں دہشت گردوں کی تصاویر بھی شائع کی گئی تھیں، جن میں دکھایا گیا تھا کہ وہ مزار میں عام زائرین کی طرح داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جو کہ ایران میں دوسری اہم ترین زیارت گاہ ہے، داعش خراسان جنوری میں جنوب مشرقی ایرانی شہر کرمان میں دو بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی جس میں 90 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔
اس گروپ نے گزشتہ ماہ روسی دارالحکومت ماسکو کے قریب ایک کنسرٹ ہال پر فائرنگ کے حملے کا بھی دعویٰ کیا تھا جس میں کم از کم 144 افراد ہلاک ہوئے تھے، خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے کرمان میں دہشت گرد حملوں کے بعد داعش خراسان کے درجنوں ارکان کو گرفتار کیا تھا، اس نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکام نے گرفتار داعش کے ارکان سے پوچھ گچھ میں انٹیلی جنس حاصل کی تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گروپ روس میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے روس کے ساتھ معلومات شیئر کی ہیں، ایران کو حالیہ برسوں میں داعش کی طرف سے دو دہشت گردانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
1 تبصرہ
داعش کوئی نظریہ نہیں جو پیسہ دے گا اس کا کام کرتا ہے آجکل امریکہ ڈالر دے رہا ہے تو ایران کے خلاف سرگرم ہوگئی