خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فورسز کی گاڑی سڑک کنارے لگی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے کیپٹن سمیت 7 سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے، پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والوں میں قصور سے تعلق رکھنے والے کیپٹن محمد فراز الیاس بھی شامل ہیں، ترجمان کے مطابق شہدا میں صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی شامل ہیں، ترجمان پاکستانی فوج نے بتایا کہ جام شہادت نوش کرنے والوں میں سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شامل ہیں، واضح رہے کہ 27 مئی کو سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا، پاکستانی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
ضلع ٹانک میں کیے گئے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، ترجمان نے کہا کہ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جس میں فورسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، ترجمان پاک فوج کے مطابق تیسرے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا، شہید ہونے والے جوانوں میں کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک سید دانش افکار ضلع لیہ کے 32 سالہ سپاہی تیمور ملک، پونچھ کے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر ، ضلع خوشاب کے 23 سالہ محمد یاسین شامل تھے، واضح رہے کہ ان تین کارروائیوں سے قبل سیکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے تھے۔