پاکستان کے محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک بھر میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ جمعرات کو ہونے والی بارش سے لاہور کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، لاہور میں مجموعی طور پر 337 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل شاہد عباس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پنجاب بھر میں بارشوں کا یہ سلسلہ چھ اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے، نکاسی آب کے ادارے کے حکام کے مطابق لاہور میں ہونے والی بارش نے گذشتہ 44 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی اور دو اگست سے مزید شدت کے ساتھ وسطی اور جنوبی حصوں تک پھیل جائیں گی، ان بارشوں کے باعث، کشمیر میں 31 جولائی سے چھ اگست کے دوران وادی نیلم، مظفر آباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، پنجاب اور اسلام آباد میں یکم اگست سے چھ اگست کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجراموالہ، حافظ آباد، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دو اگست سے چھ اگست کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی تیز ہوائیں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے، خیبر پختونخوا میں یکم اگست سے چھ اگست کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ،ایبٹ آباد، ہریپور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، چار سدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیر ستان، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی آندھی اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، بلوچستان میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے لیکن کچھ علاقے جیسے خضدار، قلات، لسبیلہ، آوران، پنجگور، کیچ، زیارت، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور جعفر آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔