پاکستان سمیت دنیا کی معاشی درجہ بندی کے ادارے فچ نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 18 ماہ تک قائم رہے گی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان مستقبل قریب میں زیر حراست ہی رہیں گے، فچ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے عام انتخابات میں آزاد امیدواروں کو بڑی تعداد میں کامیابی ملی، جیتے والے آزاد امیدواروں کو جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شہروں میں مظاہرے معاشی سرگرمیاں متاثر کر سکتے ہیں، فچ نے کی پیش گوئی کی کہ موجودہ حکومت، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مل کر معاشی اصلاحات کرے گی، موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 18 ماہ تک قائم رہے گی، موجودہ حکومت ختم ہوئی تو پاکستان میں ٹیکنوکریٹ کی حکومت آئے گی جبکہ عمران خان مستقبل قریب میں زیر حراست ہی رہیں گے، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوسکتی ہے، شرح سود میں کمی کی بھی توقع ہے اور امکان ہے کہ اسٹیٹ بینک شرح سود کو 14 فیصد تک لائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدے کے بعد پاکستان کے لئے عالمی فنڈنگ بہتر ہوگی، موڈیز کی جانب سے پاکستانی معیشت سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی ایجنسیز اور دیگر ممالک پاکستان کو فنڈ فراہم کریں گے، موڈیز نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی بیرونی پوزیشن کو نازک بھی قرار دے دیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد پاکستان کو ٹیکسز سے متعلق مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، کمزور گورننس حکومتی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔