یقین دہانی پر یقین دہانی ایک بار پھر یو اے ای نے دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو واپس بھیج دیا، اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں متعدد شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہائی کرائی ہے، بیان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعرات کو ابوظبی میں شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا، ایوان وزیر اعظم سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت موجودہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، وزیر اعظم نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں سماجی و اقتصادی استحکام کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی، پورٹ آپریشن منصوبوں، گندے پانی کی صفائی، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات، اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون کے معاہدوں پر بامعنی عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی حالات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی، بیان کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کو ہر حال میں اپنی حمایت کا یقین دلایا، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اپنا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل کر کے واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور وہاں جنگ بندی کیلئے امت مسلمہ کے کردار سے متعلق کسی قسم کی گفتگو کے متعلق کوئی ذکر موجود نہیں ہے، یو اے ای میں اپنے قیام کے دوران شہباز شریف نے پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری پر گول میز سیشن سے خطاب کیا، اُنھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے قرض نہیں بلکہ مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون چاہتے ہیں جو باہمی مفاد کے لئے ہو۔